برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے فیصلے پر امریکا کا ردعمل سامنے آگیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ردعمل میں کہا گیا کہ برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور دیگر کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا نمائشی اقدام ہے، ہماری ترجیح سنجیدہ سفارت کاری ہے، نمائشی اعلانات نہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امن، اسرائیل کی سیکیورٹی اور یرغمالیوں کی رہائی ترجیح ہے، خطے میں امن و خوشحالی صرف حماس کے بغیر ممکن ہے۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت خارجہ نے برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کےفیصلےکو بہادرانہ قرار دیدیا، کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا بین الاقوامی قانون کےمطابق ہے، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کا اقدام دو ریاستی حل کو بچانے میں مددگار ثابت ہوگا، امریکا جیسے بڑے ممالک کو بھی فلسطین کو تسلیم کرنا چاہیے۔
