فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جیولرز کے خلاف ٹیکس نیٹ سے باہر یا کم ٹیکس دینے پر کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
حکام ایف بی آر کے مطابق بیشتر جیولرز اپنی آمدنی کم ظاہر کرکے ٹیکس چھپا رہے، زیورات کا کاروبار کرنے والے57 ہزار میں سے 20 ہزار ہی رجسٹرڈ ہیں، رجسٹرڈ تاجروں میں سے بھی 10 ہزار جیولرز نے ہی ٹیکس ریٹرن فائل کئے، وفاقی دارالحکومت کی صرف ایک مارکیٹ میں ایسے 50 جیولرز موجود ہیں، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں جیولرز کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریٹرن ان کی دکانوں، خرید وفروخت اور رہن سہن کے مطابق نہیں،کئی ہزار جیولرز ٹیکس نیٹ میں شامل ہی نہیں ہو رہے، ٹیکس کم دینے والے جیولرز سے نوٹسز کے ذریعے جواب طلب کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آرحکام نے کہا ہےکہ تمام سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے، کسی تاجر اور صنعت کار کو بلاوجہ نوٹس نہیں دیں گے، ہر فرد اپنے حصے کا ٹیکس ایمانداری سے دے گا تو ملک چلے گا، ٹیکس چوری کرنے والے تاجروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا،شادیوں پر بڑے اخراجات کرنے والے نان فائلرز کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، شادیوں پر 20، 20 ہزار ڈالر کے سوٹ استعمال کرنے والے پکڑ میں آئیں گے۔
