اسرائیل کے سخت گیر دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیر خزانہ بیتزالیل سموترچ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے ایک نہایت متنازع علاقے میں آبادکاروں کے لئے 3 ہزار 401 مکانات تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ مکانات "ای ون” نامی علاقے میں تعمیر کئے جائیں گے جو یروشلم کے مشرق میں شہر اورمعالی ادومیم بستی کے درمیان واقع زمین کا ایک ٹکڑا ہے۔ یہاں تعمیرات کو خاص طور پر متنازع سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس سے مشرقی یروشلم کا شمالی مغربی کنارے سے زمینی رابطہ عملاً منقطع ہو جائے گا۔ ای ون میں تعمیراتی منصوبے عالمی مخالفت کے باعث کئی برسوں سے منجمد ہیں۔
سموترچ وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو کے حکومتی اتحاد میں شامل آبادکاری کی ایک حامی جماعت کے سربراہ ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنا بھی ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ای ون میں تعمیراتی منصوبوں کی منظوری نے فلسطینی ریاست کے تصور کو دفن کرنے کے ساتھ ساتھ ان بے شمار اقدامات کو تسلسل دیاہے جو ہم حکومت کے قیام کے بعد سے زمینی حقائق بدلنے کے منصوبے کے تحت کر رہے ہیں۔
اسرائیلی بستیوں پر نظر رکھنے والے ادارے "پیس ناؤ” نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی وزارتِ ہاؤسنگ نے بدھ کے روز مغربی کنارے میں مجموعی طور پر 4030 مکانات کے لئے 6 نئے ٹینڈرز کی منظوری دی ہے۔ ادارے کے مطابق نیتن یاہو کی حکومت ہر لمحے کو مغربی کنارے پر قبضہ مزید مستحکم کرنے اور دو ریاستوں کی صورت میں امن کا امکان ختم کرنے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔
یہ بستیاں مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں واقع ہیں، وہ علاقے جن پر اسرائیل نے سال 1967 کی مشرقِ وسطیٰ کی جنگ میں قبضہ کیا تھا۔ یہاں 7 لاکھ 20 ہزار سے زائد اسرائیلی آبادکار سخت سیکیورٹی والی بستیوں میں رہتے ہیں۔ یہ بستیاں 33 لاکھ سے زیادہ فلسطینی آبادی کے درمیان بسائی گئی ہیں۔
یہ بستیاں عالمی قانون کے تحت غیر قانونی سمجھی جاتی ہیں۔ عالمی عدالتِ انصاف کی 19 جولائی 2024 کی مشاورتی رائے میں بھی قرار دیا گیا کہ مغربی کنارے، مشرقی یروشلم اور غزہ پٹی پر اسرائیلی قبضہ غیر قانونی ہےعالمی عدالت انصاف نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا قبضہ "جلد از جلد” ختم کرے اور پہنچائے گئے نقصانات کا ازالہ کرے۔
یروشلم سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
اسرائیلی وزیر خزانہ کا متنازع تعمیرات کا اعلان
3 ہزار 401 مکانات کی تعمیر کی منظوری
مشرقی یروشلم کے قریب ’ای ون‘ کا علاقہ مختص
عالمی برادری طویل عرصے سے مخالفت کر رہی ہے
تعمیرات سے فلسطینی ریاست کا امکان متاثر ہو گا
"پیس ناؤ” ادارے کی اسرائیلی فیصلے پر تنقید
4030 مکانات کے لئے 6 نئے ٹینڈرز کی منظوری
مقصد مغربی کنارے پر قبضہ مزید مستحکم کرنا ہے
عالمی عدالت نے بستیوں کو غیر قانونی قرار دیا

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link