چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اسلام آباد میں چین- پاکستان وزرائے خارجہ کے چھٹے تزویراتی ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کررہے ہیں-(شِنہوا)
اسلام آباد(شِنہوا)چینی وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے یہاں اسلام آباد میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ساتھ چین-پاکستان وزرائے خارجہ کے چھٹے تزویراتی ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی۔
وانگ یی نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی تزویراتی رہنمائی کے تحت چین-پاکستان سدابہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری مسلسل آگے بڑھ رہی ہے اور اس کی تزویراتی اہمیت مزید گہری ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے جولائی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر پاکستان کو مبارکباد دی اور ترقی پذیر ممالک کے لئے انصاف کا علم بلند کرنے اور پاکستان کے بین الاقوامی وقار اور اثر و رسوخ میں اضافے پر اسے سراہا۔
وانگ یی نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کرنے کے لئے تیار ہے اور سال کی دوسری ششماہی میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی تیاری کرے گا تاکہ چین-پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کو خطے میں چین کے اسی تصور کے ساتھ ہم آہنگ کرکے آگے بڑھایا جا سکے۔
وانگ یی نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کی معیشت کو ترقی دینے اور قومی طاقت کو مستحکم کرنے کی حمایت کرتا ہے تاکہ پاکستان اندرونی و بیرونی مسائل سے بہتر طور پر نمٹ سکے۔ دونوں ممالک کو مل کر کثیرالجہتی تجارتی نظام کا دفاع کرنا چاہیے اور یک طرفہ دباؤ اور غنڈہ گردی کی مخالفت کرنی چاہیے۔
اس موقع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دوطرفہ مذاکرات بروقت منعقد ہوئے، جو دونوں ممالک کی آہنی دوستی کا عملی مظہر ہے۔ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے اور پورے ملک کا اس پر اتفاق ہے۔ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی مدت صدارت کے دوران چین کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور تیانجن سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی کو مشترکہ طور پر فروغ دے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں پاک-چین عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور پاک-چین سدابہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کے مفہوم کو مسلسل مزید وسعت دینے کا منتظر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ مشترکہ مستقبل کی حامل پاکستان-چین برادری کی تعمیر کی بھرپور حمایت کرے گا اور چین کے پیش کردہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، عالمی ترقیاتی انیشی ایٹو، عالمی سلامتی انیشی ایٹو اور عالمی تہذیبی انیشی ایٹو کی بھی مکمل حمایت کرے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری کوشش کرے گا اور پاکستان میں چینی اداروں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔
فریقین کی طرف سے باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
