منگل, اگست 26, 2025
پاکستانبرطانیہ کا پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے 60 کروڑ روپے امداد کا اعلان

برطانیہ کا پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے 60 کروڑ روپے امداد کا اعلان

اسلام آباد: برطانیہ نے پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے60 کروڑ روپے امداد کا اعلان کردیا۔ جاری بیان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میرجوٹ نے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں ،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے متاثرین کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 1.33ملین پائونڈ امداد کا اعلان کیا ہے، اس امداد سے پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے سات متاثرہ اضلاع میں 2لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد کو سہولت فراہم کی جائے گی۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانوی تعاون سے متاثرہ کمیونٹیز کو فوری مدد پہنچائی جا رہی ہے جس میں خشک راشن کی فراہمی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، موبائل میڈیکل کیمپس، پینے کے پانی کے نظام کی بحالی، نہری نظام کی مرمت، اور کھیتی باڑی کیلئے معاونت شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 2,400مقامی رضاکاروں کو سرچ اینڈ ریسکیو کی تربیت دی جا چکی ہے جن میں سے 25رضاکار چارسدہ سے ریسکیو 1122کی مدد کیلئے بونیر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی علاقوں میں موبائل میڈیکل کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ ان جگہوں پر بنیادی صحت کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں جہاں کلینکس کو نقصان پہنچا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو خیمے، راشن، گھریلو سامان اور خواتین کے لیے ڈگنٹی کٹس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے کے کوآرڈنیٹرز امدادی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ امداد تیزی اور موثر طریقے سے تقسیم ہو سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے تعاون سے سندھ میں بھی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت حکومت سندھ نے ضلعی اور صوبائی سطح پر ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن ونگز قائم کرنے کیلئے بجٹ مختص کر دیا ہے، اس کیساتھ ایک آن لائن ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے جو محفوظ پناہ گاہوں، طبی سامان اور ریسکیو آلات کے اعدادوشمار کو ضلعی و صوبائی سطح پر یکجا کرتا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد کی جاسکے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!