راولپنڈی: سی پی او راولپنڈی نے پولیس افسر کی رشوت لینے کی وائرل ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے تھانہ پیر ودھائی کے سب انسپکٹر اشرف کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو کچھ رقم سب انسپکٹر کے سامنے بیٹھے شخص کی طرف بڑھاتے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو بنانے والا شخص کہتا ہے یہ رقم پکڑو لیکن اپنا وعدہ بھی یاد رکھنا جس کے بعد سب انسپکٹر اپنا ہاتھ میز کی سائیڈ پر لے جاتا ہے۔
سب انسپکٹر شہری سے پوری رقم کا مطالبہ کرتا ہے جس پر شہری کہتا ہے کہ باقی رقم کام پورا ہونے اور نتائج آنے کے بعد دیں گے، ہم اپنے معاہدے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔سی پی او سید خالد ہمدانی نے بدعنوانی کا نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر اشرف کو معطل کر کے چارج شیٹ جاری کر دی جبکہ ایس ایس پی آپریشنز کو انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمانہ وقار کو مجروح کرنے والا ہم میں سے نہیں، بدعنوانی یا اختیارات سے تجاوز قطعا برداشت نہیں، افسران اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ کڑا احتساب ہوگا۔
