اسلام آباد : ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 30 ستمبر تک توسیع کردی۔ اطلاعات کے مطابق ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کو ایک اور موقع دیتے ہوئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 30 ستمبر تک توسیع کردی ہے۔
ایف بی آر نے کہا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ریٹرن فائل کرنے میں ناکام رہنے والے افراد اور اداروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، ٹیکس ذمہ داریاں پورا نہ کرنیوالوں کو ٹیکس کی واجب الادا رقم کے ایک فیصد یومیہ جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایف بی آر کے مطابق ایسے افراد کیلئے کم از کم جرمانہ ایک ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر کاروباری اداروں اور کارپوریشنوں کو کم از کم50 ہزارروپے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ بینک بیلنس، جائیدادوں، مکانات،گاڑیوں کے مالکان بغیر کسی ناکامی اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں۔
ایف بی آر نے کہا ہے کہ تاجر دوست سکیم کے تحت رجسٹریشن نہ کرانیوالے تاجروں اور دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور غیر رجسٹرڈ دکانوں کو ابتدائی طور پر سات دن کیلئے سیل کر دیا جائے گااور بار بار ہونیوالے جرائم پر بندش کو 20 دن تک بڑھا دیا جائے گا۔
