اسلام آباد: چیف سیکرٹری سندھ نے کرپشن پر سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ورلڈ بینک ہدات اللہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ کی سربراہی میں کمیٹی نے سندھ میں زراعت کی بہتری کے ورلڈ بینک کے پراجیکٹ میں کرپشن کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں جس میں ورلڈ بینک کے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ہدایت اللہ41 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات میں بے قاعدگیوں کے مرتکب قرار پائے گئے ہیں جس پر ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری سندھ نے سفارش کی ہے کہ محکمہ زراعت رقم سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کی پنشن سے وصول کرائے، رقم وصولی کیلئے بورڈ آف ریونیو کے ذریعے ان کی املاک ضبط کی جائیں اورمعاملہ مزید کارروائی کیلئے سندھ اینٹی کرپشن کو بھیجا جائے، محکمہ قانون اور سندھ اینٹی کرپشن ہدایت اللّٰہ سے رقم وصولی کا طریقہ بنائے۔
چیف سیکرٹری سندھ نے سفارش کی ہے کہ محکمہ زراعت سندھ اور محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ذریعے ورلڈ بینک سے رابطہ کر کے معاملہ حل کرائے، وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم 15 روز میں تحقیقات کر کے ملوث دیگر افسران و ٹھیکیداروں کا تعین کرے۔دوسری جانب سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ہدایت اللہ چھجڑو نے انکوائری میں تمام الزامات غلط قرار دیئے ہیں۔
