چین کے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے کے شہر شی گازے کی سا گیا کاؤنٹی میں ونڈ ٹربائنز کا منظر-(شِنہوا)
لہاسا(شِنہوا)چین میں مجموعی طور پر 16 مرکزی انتظامی ریاستی ملکیتی اداروں (ایس او ایز) نے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے کی ترقی کے لئے اپنی حمایت کا وعدہ کیا ہے۔ ان کمپنیوں نے 317.5 ارب یوآن (تقریباً 44.4 ارب امریکی ڈالر) مالیت کے 75 سرمایہ کاری معاہدے کئے ہیں۔
یہ معاہدے توانائی، بجلی، ٹیلی مواصلات کی بنیادی سہولیات اور دیگر شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ ان معاہدوں پر خطے کی اعلیٰ معیار کی ترقی میں ایس او ایز کے کردار کے بارے میں منعقدہ کانفرنس کے دوران دستخط کئے گئے۔
ان منصوبوں کے فعال ہونے پر تقریباً11 ہزار 400 ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔ 2027 کے آخر تک تقریباً 100 ارب یوآن کی سرمایہ کاری مکمل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کانفرنس میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2021 سے اب تک چین کے ایس او ایز نے شی زانگ میں 8 ہزار 800 سے زائد منصوبوں میں 145.8 ارب یوآن کی سرمایہ کاری کی ہے جس سے 276.7 ارب یوآن کی کاروباری آمدنی ہوئی ہے۔
چائنہ سٹیٹ گرڈ کارپوریشن کے ایگزیکٹو چیئرمین ژانگ ژی گانگ نے کہا کہ کمپنی نے 2021 سے شی زانگ میں طے شدہ اثاثہ جات میں 24.5 ارب یوآن کی سرمایہ کاری کی ہے۔ کمپنی 2025 میں مزید 1.5 ارب یوآن کی سرمایہ کاری کرکے علاقے کے بجلی گرڈ کی تعمیر میں مزید معاونت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پہاڑوں میں گھرا شی زانگ کبھی صوبائی سطح پر چین کا واحد غربت زدہ علاقہ تھا جس کو اس کی بلندی، سخت ماحول، ناقص نقل و حمل اور محدود وسائل جیسے چیلنجز درپیش تھے۔
شی زانگ کی ترقی میں معاونت کے لئے مرکزی حکومت نے قومی سطح پر اس خطے کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مرکزی ریاستی ادارے، صوبائی علاقے اور مرکزی انتظامی ایس او ایز کو اس کی جدیدیت کی مہم میں مدد دینے کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔
