پشاور: پولیس نے بروقت کارروائی کر کے بنوں میں پولیس چوکیوں پر فتنہ الخوارج کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ذرائع کے مطابق رات گئے بنوں میں فتنہ الخوارج نے چوکی مزانگہ اور چوکی شیخ لنڈک پر اچانک ڈرون اور چھوٹے وبڑے ہتھیاروں سے حملہ کردیا، حملے میں پولیس کے تھرمل کیمرہ ٹیکنالوجی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت، دلیری اور ہوشیاری سے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملوں کو پسپا کر دیا۔
بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے جبکہ حملے میں چوکی کی عمارت، پولیس تنصیبات اور نفری محفوظ رہی۔ حکام کے مطابق فرار دہشت گردوںکی گرفتاری کیلئے پولیس نے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے پولیس کی جراتمندانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے تمام جوانوں کو شاباش دی اور انعامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
