امریکہ کے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس واپسی پر میرین ون ہیلی کاپٹر سے اتررہے ہیں۔(شِنہوا)
واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر امن جلد حاصل نہ کیا گیا تو ایران کو مزید فوجی حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ایران کی اہم جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے اور آئندہ حملے زیادہ شدید اور بہت آسان ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امن جلد حاصل نہیں کیا جاتا تو ہم ان دیگر اہداف کو درستگی، رفتار اور مہارت کے ساتھ نشانہ بنائیں گے، ان میں سے زیادہ تر کو چند منٹس میں تباہ کیا جا سکتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے بہت پہلے فیصلہ کر لیا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے اور اگر امن قائم نہ ہوا تو ایران کو ایسا سانحہ برداشت کرنا پڑے گا جو اب تک پیش آنے والے واقعات سے کہیں بڑا ہوگا۔
ٹرمپ کے تین ایرانی جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان پر امریکی حملوں کے اعلان کے بعد ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا کہ جنگ ابھی شروع ہوئی ہے۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے نائب سیاسی ڈائریکٹر حسن عابدینی نے کہا کہ ایران نے ان تینوں جوہری مقامات کو کچھ عرصہ پہلے ہی خالی کر دیا تھا۔
سرکاری ٹیلی ویژن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا کیونکہ مواد پہلے ہی نکال لیا گیا تھا۔
ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم نے امریکی حملوں کی تصدیق کر تے ہوئے کہا کہ ان کا کام نہیں رکے گا۔
