چین کے وسطی صوبے ہونان کے شہر چھانگ شا میں تیسری چین۔ افریقہ اقتصادی وتجارتی نمائش کے دوران لوگ چھانگ شا بین الاقوامی کنونشن و نمائش مرکز میں داخل ہو رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے وسطی صوبے ہونان کے صدرمقام چھانگ شا میں چوتھی چین-افریقہ اقتصادی و تجارتی نمائش 12 سے 15 جون کو منعقد ہوگی جس میں 12 ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔
منتظمین نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ نمائش کا اہتمام چین کی وزارت تجارت اور ہونان کی صوبائی حکومت نے مشترکہ طور پر کیا ہے اور یہ رواں سال چین۔ افریقہ معیشت اور تجارت کے شعبے میں اہم ترین تقریبات میں سے ایک ہے۔
چین اور افریقہ کے 2 ہزار800 سے زائد ادارے، کاروباری تنظیموں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ ساتھ 44 افریقی ممالک، 6 عالمی تنظیموں اور چین کے 23 صوبائی سطح کے علاقوں کے نمائندوں نے شرکت کےلئے اندراج کرایا ہے۔
نمائش 2 سال بعد ہوتی ہے۔ اس بار اس کا موضوع ’’چین اور افریقہ: جدیدیت کی جانب بیک وقت گامزن‘‘ ہے۔
نمائش میں سمارٹ کان کنی ٹیکنالوجی اور سازوسامان، صاف توانائی، جدید زرعی مشینری اور تعمیراتی سازوسامان سمیت مختلف شعبوں کی نمائشوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ نمائش کے دوران 20 سے زیادہ اقتصادی و تجارتی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔
ہونان کے صوبائی محکمہ تجارت کے سربراہ شین یومو کا کہنا ہے کہ نمائش کے دوران دستخط یا کاروباری ملاقاتوں کے تعاون کے 128 منصوبے تجویز کئے گئے ہیں جن کی مجموعی مالیت 7 ارب امریکی ڈالر سےزائد ہوچکی ہے جو پیداوار، بجلی اور توانائی، نقل و حمل، معلوماتی خدمات، ثقافت اور صحت کی نگہداشت جیسے شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔
