اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلروس۔یوکرین امن معاہدے کی یادداشت پر بات چیت جاری ہے، کریملن

روس۔یوکرین امن معاہدے کی یادداشت پر بات چیت جاری ہے، کریملن

ترکیہ کے شہر استنبول میں روس اور یوکرین کے وفود ملاقات کررہے ہیں۔ (شِنہوا)

ماسکو(شِنہوا)روس اور یوکرین کے درمیان ممکنہ امن معاہدے سے متعلق ایک یادداشت پر بات چیت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ زیادہ تر بات چیت کچھ وجوہات کی بنا پر خفیہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ روس کے دروازے ہر اس ملک کے لئے کھلے ہیں جو روس۔ یوکرین تنازع حل کرنے میں کردار ادا کرنے کا خواہش مند ہے۔

پیسکوف کا مزید کہنا تھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان مزید مذاکرات کے مقام کا تعین ابھی نہیں کیا گیا ہے۔   روس ایک ہزار قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عملدرآمد کے لئے کام کر رہا ہے جو ترکیہ کے شہر استنبول میں یوکرین سے طے پایا تھا۔

روسی صدر ولادیمیرپوتن نے پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی جس میں انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ روس یوکرین کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کا خاکہ پیش کرنے کے لئے ایک یادداشت کا مسودہ تیار کرکے پیش کرے گا۔

توقع کی جارہی ہے کہ اس یادداشت میں بحران کے حل کے اصول، ممکنہ امن معاہدے کے لئے وقت کا تعین اور عارضی جنگ بندی کی شرائط سمیت اہم امور شامل ہوں گے۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز ٹرمپ کے ساتھ اپنی بات چیت کے بعد اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ نہ تو یوکرین علاقائی امور پر سمجھوتہ کرے گا اور نہ اپنی زمین سے دستبردار ہوگا۔ انہوں نے ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ یوکرین سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کیف کی شمولیت کے بغیر نہ کیا جائے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!