ہائیکو (شِنہوا) چین کے استوائی جزیرہ صوبے ہائی نان میں 2025 کے دوران 10 کروڑ 60 لاکھ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.1 فیصد اضافہ ہے۔
ہائی نان کے صوبائی محکمہ سیاحت، ثقافت، ریڈیو، ٹیلی ویژن اور کھیل کے مطابق سیاحوں کے مجموعی اخراجات گزشتہ سال کے مقابلے میں 10.5 فیصد اضافے کے بعد 225.4 ارب یوآن (تقریباً 32.4 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئے۔
محکمے کے مطابق گزشتہ سال بیرونی سیاحت میں نمایاں اضافہ ہوا، جس میں ہائی نان نے تقریباً 15 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کے دورے ریکارڈ کئے جو کہ 35.2 فیصد اضافہ ہے جبکہ غیر ملکی سیاحوں کے قیام کی مجموعی راتیں 59 لاکھ 40 ہزار رہیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 59 فیصد زیادہ رہیں۔
یہ پہلا موقع ہے جب صوبے میں کسی ایک سال کے دوران سیاحتی دوروں کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی اور 200 ارب یوآن سے زیادہ کے سالانہ سیاحتی اخراجات ریکارڈ کئے گئے ۔
2026 میں ہائی نان نے 11 کروڑ 50 لاکھ ملکی اور غیر ملکی سیاحتی دوروں کا ہدف مقرر کیا ہے، جو 8 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ اس سال سیاحتی اخراجات 248 ارب یوآن تک پہنچنے کی توقع ہے اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 20 لاکھ ہونے کی توقع ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33.3 فیصد زیادہ ہوگی۔
محکمے کے ڈائریکٹر چھن تے جون نے کہا کہ ہائی نان اس سال بین الاقوامی سیاحت اور کھپت کا مرکز بننے کی کوششوں کو تیز کرے گا، جس میں نمایاں سیاحتی برانڈز کی ترقی، اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی سیاحتی سہولیات کے فروغ اور مجموعی کھپت کے ماحول کی بہتری پر توجہ دی جائے گی۔




