پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھا کر پاکستان برسوں کے بجائے مہینوں میں زرعی ترقی حاصل کر سکتا ہے۔
اسلام آباد میں پیر کے روز پاکستان چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پیداوار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے سائنس دانوں اور زرعی ماہرین پر زور دیا کہ وہ پانی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنائیں اور جدید زرعی طریقے اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیداوار کی ترسیل، کولڈ اسٹوریج نظام اور فصل کی قدر بڑھانے کے عمل کو مضبوط بنایا جائے۔
شریف نے کہا کہ زرعی تکنیکوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں چین کی ترقی بے مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے اور رواں برس دونوں ممالک سفارتی تعلقات کی پچہترویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستانی کسانوں، زرعی اداروں اور ماہرین سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں، چینی ماہرین سے سیکھ کر اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کریں اور پاکستان کی زرعی معیشت میں درکار معیار کو حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ برسوں کے بجائے چند مہینوں میں اس شعبے میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اپ گریڈ شدہ ورژن 2.0 کے منتظر ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان اور چین کے درمیان مزید گہرا تعاون پائیدار معاشی ترقی کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے پاکستان کی میکرو معیشت کے استحکام اور بحالی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی معیشتیں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں جس سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے نئے مواقع اور نئی توانائی پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں مزید ہم آہنگی پیدا کرنے اور سفارتی تعلقات کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔
کانفرنس میں چین اور پاکستان کی کمپنیوں اور اداروں کے درمیان خوراک کی تیاری، مویشی بانی، ماہی گیری اور زرعی مشینری سمیت 10 اہم شعبوں میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
اسلام آباد سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی شرکت
وزیراعظم نے چین کے تجربے کو زرعی ترقی کا ذریعہ قرار دیا
پاکستان چند ماہ میں زراعت میں اہم پیش رفت کر سکتا ہے
جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداوار میں اضافہ کیا جارہا ہے
سائنسدانوں کو پانی کا مؤثر استعمال اور جدید زرعی طریقے اپنانے چاہئیں
چین کی زرعی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں ترقی بے مثال ہے
پاکستان اور چین دوستانہ تعلقات کی پچہترویں سالگرہ منا رہے ہیں
پاکستانی کسان اور ماہرین چینی تجربے سے سیکھ کر معیار بہتر بنائیں
چین کے سفیر نے پاکستان کی معیشت کی بہتری اور تعاون کو سراہا
کانفرنس میں دونوں ممالک نے 10 شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے




