راولپنڈی کی بلند کمرشل عمارات میں آتشزدگی سے بچائو کے انتظامات انتہائی ناقص ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق شہر میں 163بلند کمرشل عمارات میں سے صرف ایک عمارت کو آتشزدگی کے حادثات سے مکمل طور پر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 151 عمارات میں فائر سیفٹی آلات، ہنگامی اخراج کے راستے اور دھویں کے خودکار اخراج کا نظام موجود ہی نہیں، جو کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے صرف ایک ہوٹل کی عمارت کو تمام حفاظتی تقاضے پورے کرنے پر محفوظ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق فائر سیفٹی میکانزم کی عدم موجودگی پر کمرشل عمارات کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔
عمارت مالکان کو 28 تاریخ تک فائر سیفٹی نظام مکمل کرنے کی مہلت دی گئی ہے، بصورتِ دیگر حفاظتی انتظامات سے محروم عمارات کو سیل کر دیا جائے گا۔




