چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغورخود مختارخطے کے علاقے ہامی میں واقع سان تانگ ہو ونڈ پاورفارم کا ایک منظر- (شِنہوا)
ارمچی(شِنہوا) چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختار علاقے نے گزشتہ برس مقامی طور پر پیدا شدہ 126.4 ارب کلوواٹ آوور سے زائد بجلی ملک کے دیگر حصوں کو منتقل کی جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
سنکیانگ پاور ایکسچینج سنٹر کے مطابق اس میں 30 فیصد یا 39.2 ارب کلو واٹ آور سے زائد قابل تجدید توانائی تھی جس سے معیاری کوئلے کی کھپت میں ایک کروڑ 18 لاکھ 60 ہزار ٹن بچت، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 3 کروڑ 20 لاکھ 20 ہزارٹن اور سلفر ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں ایک لاکھ 800 ٹن کی کمی ہوئی۔
مرکز کے مطابق سنکیانگ نے مسلسل 5 برس تک 100 ارب کلو واٹ سے زائد بجلی کی ترسیل برقرار رکھی ہے جس کی اوسط سالانہ شرح نمو 4.6 فیصد ہے۔ 2010 سے اب تک ملک بھر میں 22 صوبائی سطح کے علاقوں میں بجلی مہیا کی جاچکی ہے۔
سنکیانگ ہوا اور سورج سمیت توانائی کے وسائل سے مالا مال ہے اور اس کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہے۔ یہ خطہ بجلی کے ترسیل کے ذرائع تعمیر کرکے غیر استعمال شدہ بجلی کا کچھ حصہ چین کے دوسرے حصوں کو منتقل اور فروخت کرتا ہے۔
