اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنل2024 میں عالمی سیاحت وبائی مرض سے پہلے کی سطح پر تقریباً...

2024 میں عالمی سیاحت وبائی مرض سے پہلے کی سطح پر تقریباً واپس آگئی

سپین کے شہر میڈرڈ میں سیاح سیلفی لے رہے ہیں۔(شِنہوا)

میڈرڈ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سیاحت کے جاری کردہ عالمی سیاحتی اعداد وشمار کے مطابق 2024 میں بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں 11 فیصد اضافہ ہوا اور 1.4 ارب افراد نے بین الاقوامی سفر کیا۔

میڈرڈ میں ایف آئی ٹی یو آر بین الاقوامی سیاحتی نمائش کے موقع پر شائع ہونے والے اعداد و شمار کا مطلب ہے کہ یہ تعداد کووڈ-19 کی وبا سے پہلے 2019 میں دیکھی گئی سطح کے 99 فیصد تک پہنچ گئی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری سیاحت زوراب پولولی کاشویلی نے اعدادوشمار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبائی مرض کے بعد 2024 میں عالمی سیاحت مکمل بحال ہوئی اور بہت سے مقامات پر سیاحوں کی آمد اور خاص طور پر آمدنی 2019 کے مقابلے میں زیادہ رہی۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ ترقی 2025 کے دوران جاری رہے گی۔

میڈرڈ میں واقع اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سیاحت کے مطابق ایشیا اور بحرالکاہل خطے میں 2024 کے دوران 31کروڑ60لاکھ بین الاقوامی مسافروں نے سفر کیاجو 2023 کے مقابلے میں 33 فیصد (7کروڑ 80لاکھ افراد) زیادہ اور وبائی امراض سے پہلے کی سطح کا 87 فیصد ہے۔

یورپ میں 2024 میں 74کروڑ70لاکھ بین الاقوامی سیاحوں کی آمد دیکھی گئی جو 2019 کے مقابلے میں ایک فیصد اور 2023 کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔ مشرق وسطیٰ میں 2019 کے مقابلے میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جہاں سیاحوں کی آمد 32 فیصد اضافے کے ساتھ 9کروڑ50لاکھ تک پہنچ گئی۔

افریقہ نے بھی 2023 کے مقابلے میں بین الاقوامی سیاحوں میں 12 فیصد اضافے کے ساتھ زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سیاحت کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی ایک وجہ یہ ہے کہ بین الاقوامی فضائی صلاحیت اور فضائی نقل وحرکت گزشتہ 12 ماہ کے دوران وبائی امراض سے پہلے کی سطح پر واپس آگئی ہے۔

مسافروں کی تعداد میں اضافے کی عکاسی اخراجات میں بھی ہوئی۔ 2024 میں وصولیاں 16 کھرب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں جو 2019 کے مقابلے میں 4 فیصد اور 2023 کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہیں۔

مستقبل کا منظرنامہ بھی روشن نظر آتا ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!