دبئی میں کھیلے جانیوالے انیس سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے ایشیاء کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، فائنل میں بھارت نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کیلئے 348رنز کا ہدف دیا، سمیر منہاس نے 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے دھواں دھار 172رنز کی اننگز کھیلی اور 103 رنز محض 71 گیندوں پر بنائے، سمیر ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر ہیں، احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19اور حمزہ ظہور نے 18رنز بنائے، محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12رنز کیساتھ ناٹ آٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3، کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس پوری تیاری کیساتھ میدان میں اتریگی اور ہم ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے، ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی فائنل میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔




