سان فرانسسکو(شِنہوا)سان فرانسسکو میں بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش سے تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار گھرانے اور کاروباری ادارے متاثر ہوئے یعنی شہر میں پیسیفک گیس اینڈ الیکٹرک کمپنی (پی جی اینڈ ای) کے کل صارفین کا تقریباً ایک تہائی حصہ متاثر ہوا۔
پی جی اینڈ ای کی ویب سائٹ کے مطابق بجلی کی پہلی بندش صبح تقریباً 9بج کر40 منٹ (1740 جی ایم ٹی) پر ہوئی جس سے تقریباً 15 ہزار رہائشی اور تجارتی صارفین کی بجلی منقطع ہوگئی۔
دوسری بندش صبح تقریباً دس بج کر10 منٹ (1810 جی ایم ٹی) پر شروع ہوئی۔ بجلی کی بندش کے متعلق پی جی اینڈ ای کے آن لائن نقشے نے ابتدا میں دکھایا کہ تقریباً 25 ہزار صارفین متاثر ہوئے ہیں۔
بعد میں کمپنی نے نقشے کو اپ ڈیٹ کیا جس میں ظاہر ہوا کہ بندش کا دائرہ مزید بڑھ رہا ہے۔
سان فرانسسکو کے آگ بجھانے والے محکمے نے کہا کہ ہفتے کی دوپہر کو شہر میں پی جی اینڈ ای کے ایک ذیلی سٹیشن میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثرہوئی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں پی جی اینڈ ای نے کہا کہ وہ سان فرانسسکو میں ایک لاکھ 30 ہزار صارفین کو متاثر کرنے والی بجلی بندش کے خاتمے کے سلسلے میں فرسٹ ریسپونڈرز اور شہر کے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
پی جی اینڈ ای کے ایک ترجمان کے مطابق اتوار کی شام 5:30 بجے (0130 جی ایم ٹی) تک کمپنی کسی بھی حصے میں بجلی کی بحالی کا متوقع وقت فراہم کرنے سے قاصر تھی۔



