صدیوں پرانی شمالی ویتنامی لوک گائیکی ’’ژام‘‘ کی کھنکتی ہوئی دھنیں جو کبھی نابینا فنکار بازاروں اور دیہات میں گایا کرتے تھے آج ویتنام کی جدید موسیقی میں شاذ و نادر ہی سنائی دیتی ہیں۔ بہت سے نوجوانوں کے لئے ’’ژام‘‘ ایک اجنبی فن بن چکا ہے جو جدید دھنوں اور ڈیجیٹل ثقافت کے سائے میں دب گیا ہے۔
تاہم ویتنام کے معروف پاپ گلوکار سوبن ہوانگ سن نے اپنی تازہ میوزک ویڈیو "مُک ہا وُو نھان” کے ذریعے ’’ژام‘‘ کو نئی زندگی بخشی ہے جس میں جدید ریپ اور پاپ جمالیات کو روایتی لوک علامتوں کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔ اس گیت نے روایتی ثقافت کو جدید انداز میں پیش کیا جسے بچے بھی شوق سے سنتے ہیں۔
یہ میوزک ویڈیو ریلیز کے صرف تین دن میں تیس لاکھ ویوز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ یہ ناظرین کو شمالی ویتنام کے دیہی ماحول میں واپس لے جاتی ہے جہاں ’’ژام‘‘ کی روح رچی بسی ہے۔
سوبن ہوانگ سن رواں ماہ ’’ژام ٹو اسکولز‘‘ پروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت وہ ویتنام سینٹر فار پروموشن اینڈ پریزرویشن آف انٹینجبل کلچرل ہیریٹیج کے اشتراک سے اس فن کو ملک کے تین خطوں کے طلبہ تک پہنچائیں گے۔
یہ بحالی صرف ’’ژام‘‘ تک محدود نہیں بلکہ مختلف اقسام کے روایتی فنون کو تخلیقی انداز میں نیا روپ دیا جا رہا ہے۔
ویتنام کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ایف پی ٹی کے زیر انتظام ایف پی ٹی یونیورسٹی میں طلبہ کی قیادت میں ایک مواصلاتی مہم "نیو چیو” جاری ہے جس کا مقصد ویتنامی روایتی اوپیرا چیو کو دوبارہ زندہ کرنا ہے۔ چیو ایک صدیوں پرانا فن ہے جس میں لوک گیت، سازوں کی موسیقی اور رقص کو ملا کر دیومالائی کہانیوں، شاعری، تاریخ اور روزمرہ زندگی سے متاثر قصے بیان کئے جاتے ہیں۔
"نیو چیو” ٹیم کے21 سالہ رکن تران ڈک آنہ کہتے ہیں کہ یہ منصوبہ محض تجسس سے شروع ہوا۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (ویتنامی): تران ڈک آنہ، رکن، نیو چیو ٹیم
"میرے خیال میں یہ ہمارے لئے واقعی خوش قسمتی تھی کیونکہ گروپ کے پانچوں ارکان نوجوان ہیں جو ویتنامی ثقافت اور روایتی فنون سے گہری دلچسپی اور وابستگی رکھتے ہیں۔
جب ہم نے ان فنون پر تحقیق کی تو ہمیں احساس ہوا کہ چیو میں ایک بہت خاص زندگی اور توانائی موجود ہے۔
یہ مزاح سے بھرپور، عوامی مزاج کا حامل اور گہرائی والا فن ہے۔‘‘
ٹیم نے نوجوانوں میں سروے کیا اور اس نتیجے پر پہنچی کہ زیادہ تر لوگ روایتی اوپیرا کو ایسے نئے انداز میں دیکھنا چاہتے ہیں جس میں ریپ، الیکٹرانک ڈانس میوزک یا ساز و آواز کے منفرد امتزاج شامل ہوں۔
ساؤنڈ بائٹ 2 (ویتنامی): دُو فُوونگ لِن، رکن، نیو چیو ٹیم
"ہم نے ملبوسات، کرداروں اور ان کی شخصیات پر نہایت تفصیل کے ساتھ تحقیق کی تاکہ ہم انہیں دوبارہ ڈیزائن کر کے ایسے انداز میں حرکت دے سکیں جو بیک وقت واضح بھی ہو اور نوجوانوں کے لئے قابلِ فہم اور دلچسپ بھی ہو۔”
پاپ گلوکارہ ہوا منزی نے بھی اپنی میوزک ویڈیو "باک بلنگ” کے ذریعے زبردست توجہ حاصل کی جس میں یونیسکو کے تسلیم شدہ لوک محبت بھرے دو گیتوں کی روایت "کوان ہو” کو موسیقی کے پاپ اور ریپ عناصر کے ساتھ ملا کر پیش کیا گیا۔ اس گانے نے ایک ماہ میں دنیا بھر میں دس کروڑ سے زائد ویوز حاصل کئے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ لوک ثقافتی عناصر جدید انداز میں پیش کئے جائیں تو عالمی ناظرین کو بھی متوجہ کر سکتے ہیں۔
ویتنام سینٹر فار پریزرویشن آف ٹریڈیشنل پرفارمنگ آرٹس کے ڈپٹی ڈائریکٹر مائی وان لانگ نے ان تجربات کو قومی سطح پر ثقافتی ورثے کے تحفظ کی وسیع کوششوں کے ساتھ ہم آہنگ قرار دیا۔
ساؤنڈ بائٹ 3 (ویتنامی): مائی وان لانگ، ڈپٹی ڈائریکٹر، ویتنام سینٹر فار پریزرویشن آف ٹریڈیشنل پرفارمنگ آرٹس
"میرا یقین ہے کہ آج ہمارے نوجوان یہ کام کر رہے ہیں اور مستقبل میں ان کے بچے یا کم عمر رشتہ دار اس کام کو آگے بڑھائیں گے۔ وہ اس میں تحقیق کریں گے، تلاش کریں گے اور تخلیق کریں گے۔
کیونکہ حقیقت میں قومی فن ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل ہوتا ہے۔
یہ وہ بات ہے جو مجھے بے حد حوصلہ افزا لگتی ہے اور واقعی قابلِ تحسین ہے۔”
ہنوئی سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
ویتنامی نوجوان جدید موسیقی کے امتزاج سے روایتی فنون کو نئی زندگی دے رہے ہیں
صدیوں پرانی لوک گائیکی ’’ژام‘‘ ریپ اور پاپ موسیقی کے ساتھ پیش
’’مُک ہا وُو نھان‘‘ ویڈیو نے روایتی ثقافت کو جدید انداز میں دکھایا
یہ ویڈیو ریلیز کے تین دن میں تیس لاکھ ویوز حاصل کرنے میں کامیاب رہی
’’ژام ٹو اسکولز‘‘ پروگرام کے ذریعےاس فن کو طلبہ تک پہنچایا جا رہا ہے
’چیو‘ مزاح سے بھرپور، عوامی مزاج کا حامل اور گہرائی والا فن ہے
ایف پی ٹی یونیورسٹی میں طلبہ کی قیادت میں ’’نیو چیو‘‘ مہم جاری ہے
چیو اوپیرا لوک گیت، سازوں کی موسیقی اور رقص کا امتزاج ہے
نوجوان فنکار کرداروں اور ملبوسات کو جدید انداز میں دوبارہ ڈیزائن کر رہے ہیں
لوک ثقافتی عناصر اور جدید موسیقی کے امتزاج پر عالمی ناظرین بھی متوجہ ہوئے



