مکاؤ(شِنہوا)مکاؤ خصوصی انتظامی علا قے (ایس اے آر) کی حکومت نے مکاؤ کی مادر وطن میں واپسی کی 26 ویں سالگرہ منانے کے لئے پرچم کشائی اور استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا۔
چینی-پرتگالی زبان بولنے والے ممالک کے تجارتی اور کاروباری خدمات کے پلیٹ فارم کمپلیکس میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مکاؤ ایس اے آر کے چیف ایگزیکٹو سیم ہو فائی نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ مکاؤ کو قومی ترقیاتی حکمت عملیوں کے ساتھ مزید ہم آہنگ کیا جائے گا، مکاؤ ایس اےآر کے سماجی و اقتصادی ترقی کے تیسرے پانچ سالہ منصوبے کے لئے بہتر پالیسیاں بنائی اور نافذ کی جائیں گی، ملک کو عظیم بنانے کے نئے سفر کا آغاز کیا جائے گا، قومی شباب نو کو آگے بڑھایا جائے گا اور مکاؤ کے لئے مزید بڑی کامیابیوں کے حصول کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔
چین کی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے وائس چیئرمین ہو ہاؤ وا، مکاؤ ایس اے آر میں مرکزی عوامی حکومت کے رابطہ دفتر کے ڈائریکٹر ژینگ شن کانگ، مکاؤ ایس اےآر کے سابق چیف ایگزیکٹو ہو ایات سینگ اور مکاؤ ایس اے آر میں چین کی وزارت خارجہ کے کمشنر لیو شیان فا سمیت ایک ہزار مہمانوں نے استقبالیہ تقریب میں شرکت کی۔
سیم نے کہا کہ ترقی کا بنیادی مقصد عوامی فلاح اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔ آنے والے سالوں میں ایس اے آر اپنے شہریوں کے روزگار کے مواقع اور حقوق کا تحفظ کرے گا، سماجی سلامتی اور فلاحی خدمات کو بہتر بنایا جائے گا، ہاؤسنگ کی پالیسیوں اور طبی وسائل کی تقسیم میں بہتری لائی جائے گی تاکہ لوگوں کی استحکام اور اطمینان کی خواہش کو پورا کیا جاسکے۔
انہوں نے مکاؤ کو زیادہ موثر نظم ونسق ،مستحکم جمہوریت، قانون کی حکمرانی، مزید متحرک معیشت، اپنی ثقافت کے حسن کو زیادہ نمایاں کرنے، سماجی نظم و نسق میں مزید نکھار پیدا کرنےاور عوامی فلاح کی بہتر خدمات فراہم کرنے والے علاقے کے طور پر تعمیر کے لئے مزیدٹھوس کوششوں کا مطالبہ کیا۔
قبل ازیں صبح کے وقت 550 مہمانوں نے گولڈن لوٹس سکوائر میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔




