اسلام آباد: ایران نے پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے سیلاب متاثرین کی ہر طرح کی مدد کیلئے حاضر ہے، ہم مشکل کی گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دونوں رہنمائوں نے رواں ماہ 26 جولائی کو ایرانی صدر کے دورہ پاکستان بارے بھی گفتگو کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہم ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دورہ اسلام آباد کے منتظر ہیں۔
