امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میرین ون پر سوار ہونے کے لئے وائٹ ہاؤس کے جنوبی سبزہ زار سے گزر رہے ہیں-(شِنہوا)
نیویارک(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل سے ایران پر فضائی حملے روکنے کا کہنا مشکل ہوگا، حالانکہ وہ اس تنازع کے خاتمے کے لئے سفارتی حل کی کوشش کر رہے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے یہ بات نیو جرسی میں اپنے گالف کورس پر فنڈ ریزنگ کی ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔
ٹرمپ نے یورپی ممالک کی جانب سے ایران سے سفارتی روابط کی کوششوں کو بھی مسترد کر دیا۔ انہوں نےکہا کہ انہوں نے کوئی مدد نہیں کی۔ ایران یورپ سے بات نہیں کرنا چاہتا، وہ ہم سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ یورپ اس معاملے میں کوئی مدد نہیں کرسکے گا۔
قبل ازیں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتیں کہ آیا ٹرمپ انتظامیہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی کوشش کرے گی تاکہ امریکہ اور ایران کے جوہری مذاکرات آگے بڑھ سکیں۔
ترجمان نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے یا ان مذاکرات پر صدر یا وزیر خارجہ کے ردعمل کو بیان نہیں کرسکتی۔
