چین کے تیانجن میں چائنہ پٹروکیمیکل کارپوریشن (سائنو پیک) کے ایل این جی کے درآمدی ٹرمینل پر مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کنٹینر جہاز لنگرانداز ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)29ویں عالمی گیس کانفرنس بیجنگ میں شروع ہوگئی، جو تقریباً 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار چین میں منعقد کی جا رہی ہے۔
کانفرنس کا موضوع "پائیدار مستقبل کو متحرک کرنا” ہے، اس اجتماع میں 70 ممالک اور خطوں سے 3 ہزار سے زائد مندوبین توانائی کی عالمی منتقلی، قدرتی گیس کی صنعت کے رجحانات اور پائیداری کے طریقوں پر تفصیلی بحث اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے شریک ہیں۔
انٹرنیشنل گیس یونین (آئی جی یو)، بیجنگ گیس اور بیجنگ کیپیٹل گروپ برائے نمائش و تقریبات کے اشتراک سے منعقدہ اس کانفرنس میں 80 سے زائد اعلیٰ سطح کے فورمز اور 50 ہزار مربع میٹر پر محیط ریکارڈ توڑ نمائش شامل ہے۔ موضوعات میں ایل این جی کی ترقی، گیس اور قابل تجدید توانائی کا انضمام، توانائی کا تحفظ اور ڈیجیٹل تبدیلی شامل ہیں، جن پر صنعت کے 400 سے زائد رہنماؤں اور ماہرین کی آراء پیش کی جائیں گی۔
توقع ہے کہ نمائش 30 ہزار سے زیادہ مہمانوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گی۔ عالمی سطح پر معروف تیل اور گیس کمپنیاں، انفراسٹرکچر فرمز اور شہروں میں گیس کے تقسیم کنندگان گیس کی ویلیو چین میں پیداوار سے لے کر تقسیم تک تکنیکی ترقی اور ترقیاتی کامیابیاں پیش کریں گے تاکہ صنعت بھر میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
آئی جی یو کے اہم ترین پروگراموں میں سے ایک کے طور پر ڈبلیو جی سی 2025 بیجنگ کے چائنہ نیشنل کنونشن سنٹر میں 23 مئی تک جاری رہے گی۔
