بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزیر انسانی وسائل اور سماجی تحفظ وانگ شیاؤ پھنگ نے کہا ہے کہ چین ملازمتوں کے مجموعی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پالیسی سازی، عوامی خدمات اور مزدور مارکیٹ کی نگرانی میں ہم آہنگی کو مستحکم کرے گا۔
شِنہوا کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایک زیادہ غیرمستحکم بین الاقوامی ماحول،سخت اصلاحات اور ملک کے ترقیاتی اہداف کے تناظر میں یہ سال چین کے لئے اہم ہوگا تاکہ وہ مالیاتی، مانیٹری، روزگار اور صنعتی پالیسیوں میں ہم آہنگی مضبوط بنا کر ملازمتوں کے لئے دوستانہ ماحول کے ماڈل کی تعمیر تیز کرسکے۔
گزشتہ سال چین کی روزگار کی منڈی عمومی طور پر مستحکم رہی۔ شہری روزگار کے ایک کروڑ 26 لاکھ 70 ہزار نئے مواقع پیدا ہوئے جبکہ شہری بے روزگاری کی اوسط شرح 5.2 فیصد رہی۔
انہوں نے کہا کہ حکام موجودہ ملازمتوں کے استحکام کے لئے معاون اقدامات کو مکمل بروئے کار لائیں گے جن میں ملازمت کے استحکام کے لئے مالی اعانت، ٹیکس اورفیس میں کمی شامل ہے جبکہ بے روزگاری اور کام کے دوران زخمی ہونے کی صورت میں بیمہ کے لئے قسط کی شرح میں مرحلہ وار کمی جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ چین ابھرتی ہوئی اور مستقبل کی صنعتوں میں روزگار کی صلاحیت کو بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے اس ضمن میں معمر افراد کی دیکھ بھال اور بچوں کی نگہداشت سے متعلقہ خدمات کے شعبوں میں مواقع کو اجاگر کیا۔




