بیجنگ (شِنہوا) چین 15 ویں 5 سالہ منصوبے (2026-2030) کے دوران ابھرتی اور مستقبل کی صنعتوں کی مزید ترقی اور مضبوطی کے لئے اقدامات اور عملی منصوبوں کا ایک سلسلہ نافذ کرے گا۔
وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی آئی ٹی) کے نائب وزیر ژانگ یون منگ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ نئے ابھرتے ہوئے شعبوں میں ترقی کے نئے محرکات پیدا کرنے، نئی پیداواری ٹیکنالوجیز اور مصنوعات کو نئے مواقع میں فروغ دینے اور ابھرتی ہوئی صنعتوں کے لئے نمونہ جاتی قومی مراکز قائم کرنے کی کوششیں مزید گہری کی جائیں گی۔
مستقبل کی صنعتوں کے حوالے سے ژانگ نے کہا کہ چین ان شعبوں کی اختراعی ترقی کو فروغ دینے سے متعلق رہنما اصولوں پر عملدرآمد کو آگے بڑھائے گا، تزویراتی اہمیت کے حامل سائنس و ٹیکنالوجی کے متعدد مستقبل کے منصوبے شروع کرے گا اور مقامی حکام کو مقامی حالات کے مطابق مستقبل کی صنعتوں کی ترقی میں معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکام حکومتی سرمایہ کاری فنڈز کے کردار سے بھی بہتر طور پر فائدہ اٹھائیں گے۔
ژانگ کے مطابق 14 ویں 5 سالہ منصوبے (2021-2025) کے دوران نئی توانائی والی گاڑیوں (این ای ویز)، فوٹو وولٹکس، کم بلندی کی صنعت، جہاز سازی اور سمندری انجینئرنگ آلات سمیت متعدد ابھرتی ہوئی صنعتوں نے تیز رفتار ترقی حاصل کی جس سے ’’میڈ ان چائنہ‘‘ کی ساکھ مزید مضبوط ہوئی۔




