ژینگ ژو (شِنہوا) ماہرین آثار قدیمہ نے چین کے وسطی صوبے ہینان کے شہر لویانگ میں شمالی وی سلطنت (386-534) کے دور کے ایک بڑے سرکاری غلہ گودام کے آثار دریافت کئے ہیں۔
قدیم ہان-وی لویانگ شہر کے مقام پر شاہی محل کے مشرق میں ہونے والی اس دریافت کی ابتدائی طور پر تائی کانگ یا شاہی غلہ گودام کے طور پر شناخت کی گئی ہے جو اس دور میں اناج کا قومی ذخیرہ تھا۔
چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے ماتحت انسٹی ٹیوٹ آف آرکیالوجی کی ٹیم کے مطابق اس علاقے کے باقاعدہ سروے سے غلہ ذخیرہ کرنے کے 168 گڑھوں کا ایک جھرمٹ ملا ہے جو 14 کالموں اور 12 قطاروں میں ترتیب دیئے گئے ہیں۔
ماہرین آثار قدیمہ ان میں سے 13 گڑھوں کی کھدائی کر چکے ہیں جن میں سے ہر ایک کا قطر 9 سے 11 میٹر اور گہرائی تقریباً 4 میٹر ہے۔
آثار قدیمہ ٹیم کے مطابق ان کھنڈرات کا محل وقوع تاریخی کتب میں درج "تائی کانگ” کی تفصیلات سے مکمل مطابقت رکھتا ہے۔
آثار قدیمہ کی ٹیم کے سربراہ لیو تاؤ نے کہا کہ یہ قدیم ہان-وی لویانگ شہر کے مقام پر ایک اور اہم دریافت کی نشاندہی کرتا ہے، جو اس سے قبل شاہی محل کے اندر ذخیرہ خانوں کی دریافت کے بعد سامنے آئی ہے۔
ماہرین آثار قدیمہ کا ماننا ہے کہ موجودہ دریافت شدہ حصے ممکنہ طور پر تائی کانگ کا صرف ایک حصہ ہیں اور اس کے ارد گرد مزید ذخیرہ خانوں کے ابھی تک دریافت ہونے کے امکانات موجود ہیں۔




