گوانگ ژو (شِنہوا) چین کی انسان نما روبوٹ بنانے والی کمپنی یو بی ٹیک نے یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کی پیداواری سہولیات میں استعمال کے لئے روبوٹس کی فراہمی کا معاہدہ کیا ہے۔
چین کے جنوبی صوبے گوانگ ژو میں قائم کمپنی یو بی ٹیک نے بتایا ہے کہ ایئر بس نے یو بی ٹیک کے صنعتی انسان نما روبوٹ ’دی واکر ایس2‘ کو ہوابازی کے آلات کی پیداوار میں انسان نما روبوٹس کے استعمال کے مواقع تلاش کرنے کی مشترکہ کوششوں کے حصے کے طور پر خریدا ہے۔
تعاون کا یہ معاہدہ سیمی کنڈکٹر تیار کرنے والی امریکی کمپنی ٹیکساس انسٹرومنٹ کے ساتھ یو بی ٹیک کے گزشتہ سال کے معاہدے کے بعد کیا گیا ہے، جو چینی کمپنی کے بیرون ملک توسیع کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ یہ کمپنی انسان نما روبوٹس کو مختلف صنعتی شعبوں میں تعینات کرنا چاہتی ہے جن میں ہوا بازی، گاڑیوں کی تیاری، گھریلو الیکٹرانکس، جدید نقل وحمل اور سیمی کنڈکٹر کی پیداوار شامل ہے۔
یو بی ٹیک نے کہا ہے کہ سال 2025 میں اس کے انسانی نما روبوٹس کے مجموعی آرڈر 1.4 ارب یوآن (تقریباً 20 کروڑ امریکی ڈالر) تک پہنچ گئے، جبکہ 2026 میں کمپنی کے صنعتی انسان نما روبوٹس کی پیداواری صلاحیت 10 ہزار یونٹس سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ مقامی منڈی کے علاوہ وہ یورپ اور امریکہ سمیت بیرون ملک پیداواری منڈیوں میں داخل ہونے کی اپنی کوششیں تیز کر رہی ہے۔
یو بی ٹیک نے گزشتہ سال نومبر میں اپنے مکمل سائز کے صنعتی انسان نما روبوٹ ماڈل ‘دی واکر ایس 2’ کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کی تھی۔ یہ روبوٹ 1.76 میٹر اونچا ہے اور خودکار طور پر بیٹری تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔




