بدھ, جنوری 21, 2026
پاکستانوزیراعلی سندھ نے قومی ادارہ برائے امراض قلب کیلئے 15.5ارب روپے گرانٹ...

وزیراعلی سندھ نے قومی ادارہ برائے امراض قلب کیلئے 15.5ارب روپے گرانٹ کی منظوری دے دی

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے قومی ادارہ برائے امراض قلب کے آپریشنل امور کیلئے 15.5ارب روپے گرانٹ ان ایڈ، ہسپتال کے چیف آپریٹنگ و چیف فنانشل افسران کے تقرر کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امراض قلب کے مفت علاج میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، قومی ادارہ امراض قلب اور قومی ادارہ برائے امراض اطفال کے انضمام کیلئے پلان جلد تیار کیا جائے۔

بدھ کو وزیراعلی مراد عی شاہ کی زیر صدارت این آئی سی وی ڈی کی 84ویں گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر صحت سندھ، میئر کراچی، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی، این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلی نے اب تک 10ارب روپے کی منظوری دی ہے، این آئی سی وی ڈی کو مجموعی طور پر 4.6ارب روپے خسارے کا سامنا ہے، انتظامی اور سروس اخراجات میں اضافے کے باعث فنڈنگ گیپ پیدا ہوا۔

وزیراعلی کو بتایا گیا کہ 100سے زائد پیڈیاٹرک سرجریز اور 300سے زائد انٹروینشنز مکمل ہوئیں، اسٹروک انٹروینشن پروگرام کے تحت 450سے زائد پروسیجرز مکمل کئے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اس موقع پر وزیراعلی نے ہسپتال کے آپریشنل امور کیلئے 15.5ارب روپے گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ این آئی س وی ڈی کو مالی سال 2025-26ء میں 3.5ارب روپے اضافی گرانٹ کی ضرورت ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلی نے ہسپتال میں چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف فنانشل آفیسر کی فوری تقرری کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ سی او او اور سی ایف او کی تقرری اوپن مارکیٹ اور مسابقتی عمل کے تحت ہوگی، قانونی ابہام دور کر کے ادارے کو بلا رکاوٹ عوامی خدمت کے قابل بنایا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی نے 200سے زائد ٹی اے وی آئی پروسیجرز مفت کئے ہیں جبکہ نجی ہسپتالوں میں ٹی اے وی آئی پروسیجر کی لاگت تقریبا 40لاکھ روپے ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کراچی نے 2024میں 9925پرائمری اینجیو پلاسٹیز انجام دیں، این آئی سی وی ڈی دنیا کا سب سے بڑا پرائمری اینجیو پلاسٹی سینٹر ہے، ہسپتال نے پہلی بار بلوچستان میں بچوں کے دل کے علاج کی سہولت فراہم کی۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے 300بستروں پر مشتمل نئے پیڈیاٹرک یونٹ کے کام اور لانڈھی میں ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ لانڈھی میں قائم ہونیوالا ادارہ 1200 بستروں پر مشتمل ہوگا، لانڈھی کا کارڈیک انسٹیٹیوٹ دنیا کا سب سے بڑا دل کا ہسپتال ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعلی نے قومی ادارہ امراض قلب اور قومی ادارہ برائے امراض اطفال کے انضمام کے پلان کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امراض قلب کے مفت علاج میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!