بدھ, جنوری 21, 2026
انٹرنیشنلبنگلہ دیش نان فیملی ملک رجسٹرڈ، بھارت نے سفارتکاروں کے اہلخانہ کو...

بنگلہ دیش نان فیملی ملک رجسٹرڈ، بھارت نے سفارتکاروں کے اہلخانہ کو واپس بلا لیا

بھارت نے بنگلہ دیش کو نان فیملی رجسٹرڈ قرار دیکر وہاں تعینات اپنے سفارتکاروں کے اہلخانہ کو واپس بلا لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت نے بنگلہ دیش کو سفارتی تعیناتی کے حوالے سے نان فیملی ملک رجسٹر کر لیا ہے جسکا مطلب یہ ہے کہ بھارتی سفارتکار اور سفارتی عملہ جو بنگلہ دیش میں تعینات کئے جائینگے وہ اپنے اہلخانہ یعنی بیوی بچوں کو وہاں نہیں لے جا سکیں گے، یہ فیصلہ یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہو چکا ہے، بنگلہ دیش میں تعینات بھارتی حکام کو اطلاع دی گئی تھی کہ انکے اہلخانہ کو 8 جنوری تک اپنے ملک واپس آنا ہو گا تاہم جن سفاتکاروں اور عملے کے اراکین کے بچے بنگلہ دیشی سکولوں میں پڑھتے ہیں انہیں وطن واپسی کیلئے اضافی 7دن دیئے گئے تھے جس کے نتیجے میں 15جنوری تک ڈھاکہ، چٹاگانگ، کھلنا، سلہٹ اور راجشاہی میں تعینات بھارتی افسران کے خاندانوں کو بہت کم وقت میں وطن واپس جانا پڑا ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ نے ابھی تک اس فیصلے کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں تاہم بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے کئی ذرائع نے اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔

بنگلہ دیش میں بھارت کے سابق ہائی کمشنر پیناکا رنجن چکرورتی کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ قدم اس خدشے کے تحت اٹھایا گیا ہو گا کہ فروری 2026 میں بنگلہ دیش میں ہونیوالے عام انتخابات سے پہلے سکیورٹی کی صورتحال مزید کشیدہ ہو جائیگی جس کے باعث بھارتی ہائی کمیشن کے ملازمین کے خاندانوں کو خطرہ ہو سکتا ہے، مجھے نہیں لگتا کہ بنگلہ دیش میں عام انتخابات سے قبل بھارت کی جانب سے یہ فیصلہ کرنا کوئی غیر معمولی بات ہے، بنگلہ دیش میں عوامی لیگ جیسی بڑی سیاسی جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور اس فیصلے پر کافی تنازع پایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں صرف چار ممالک پاکستان، افغانستان، عراق اور جنوبی سوڈان ایسے ہیں جنہیں بھارت نے سفارتی تعیناتیوں کے حوالہ سے نان فیملی ملک قرار دے رکھا ہے اور اب حالیہ فیصلے کے بعد اس فہرست میں بنگلہ دیش کو شامل کر لیا گیا ہے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!