چیف جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی تمام منظور شدہ 60 آسامیوں کو پر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے خالی 18 آسامیوں پر تقرری کا عمل شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق آسامیوں کو پر کرنے کیلئے نامور، قابل و صاف کردار کے حامل وکلاء کے نام زیر غور ہیں، فہرست میں قابل اور دیانتدار سرکاری وکلاء کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں وکلا کا ریکارڈ منگوایا جا رہا ہے، بعد ازاں شارٹ لسٹ امیدواروں کے انٹرویوز ہوں گے، چیف جسٹس اور کمیشن کے دیگر ممبران منتخب نام چیئرمین جوڈیشل کمیشن کو ارسال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق تقرری کا یہ عمل ایک سے دو ماہ میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اقدام سے زیر التوا مقدمات بروقت نمٹائے جاسکیں گے جبکہ عوام کو بھی بروقت انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔




