بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ چین یکم جنوری 2026 سے شنشی اور چھنگ ہائی کے صوبوں میں بھی روانگی کے وقت ٹیکس واپسی کی پالیسی نافذ کر رہا ہے۔ اس پالیسی کے تحت غیرملکی سیاح ملک چھوڑنے سے قبل مخصوص ٹیکس ریفنڈ سٹورز سے کی جانے والی اہل خریداری پر ادا کیا گیا ویلیو ایڈڈ ٹیکس واپس لے سکتے ہیں۔ اہل خطے متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ اندراج کرانے کے بعد یہ پالیسی اختیار کرسکتے ہیں۔
چین نے غیرملکی سیاحوں کے لئے روانگی کے وقت ٹیکس واپسی کی پالیسی کا نفاذ 2015 سے شروع کیا تھا۔ اس وقت سے لے کر اب تک روانگی کے وقت ٹیکس واپسی کی پالیسی کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے، جس سے بڑی تعداد میں غیر ملکی مسافر مستفید ہو رہے ہیں۔
اس سال اپریل میں چین نے اس پالیسی میں بہتری کے لئے متعدد اقدامات متعارف کرائے تھے، جس میں ٹیکس واپسی کے لئے کم از کم خریداری کی حد کو کم کرنا، نقد رقم کی واپسی کی حد بڑھانا، شریک دکانوں کے نیٹ ورک کو وسیع کرنا اور شامل مصنوعات کی فہرست کو بڑھانا شامل ہے۔



