چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ چین کے اسٹریٹجک ارادے اور دفاعی ترقی کو منطقی انداز میں دیکھے۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے چین کی فوجی و سکیورٹی پیشرفت سے متعلق امریکی رپورٹ کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ چین کے اسٹریٹجک ارادے اور دفاعی ترقی کو معروضی اور منطقی انداز میں دیکھے۔
ترجمان لین جیان نے یومیہ پریس بریفنگ میں کہا کہ ایسی رپورٹس کو ہم نے پہلے دیکھا ہے جو کہ سچائی پر بہت کم توجہ دیتی ہیں ۔یہ تعصب سے بھری ہوتی ہیں جس میں ’’چینی خطرے‘‘ کا بیانیہ بڑھاکر پیش کیا جاتا ہے تاکہ فوجی بالادستی برقرار رکھنے کی امریکی خواہش کو جواز مہیا کیا جاسکے۔
لین نے کہا کہ چین جیسے دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لئے ایک قوت بننے سے متعلق پرعزم ہے، اسی طرح وہ اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے بھی پرعزم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم امریکہ سے مطالبہ کرتے ہیں وہ سرد جنگ کی ذہنیت اور تسلط پسندانہ سوچ کو ترک کرے، چین کے اسٹریٹجک ارادے اور دفاعی ترقی کو معروضی اور منطقی انداز میں دیکھے۔ ہرسال اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹ جاری کرنا بند کرے اور دونوں ممالک اور دونوں افواج کے درمیان مستحکم تعلقات کے لئے حالات کو سازگار بنائے۔
