ملائیشیا کے پترا جا یا میں ایم ایچ 370 کے ایک مسافر کے اہل خانہ لاپتہ ایم ایچ 370 کے ممکنہ ملبے کا ایک ٹکڑا دکھا رہے ہیں۔ (شِنہوا)
کوالالمپور(شِنہوا) ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ انتھونی لوک سیو فوک نے کہا ہے کہ ملائیشیا کی حکومت نے ملائیشین ایئرلائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کی تلاش دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لوک نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کابینہ نے جنوبی بحر ہند میں 15 ہزار مربع کلومیٹر کے نئے علاقے میں ایم ایچ 370 کا سراغ لگانے کے لئے سمندری سطح پر سرچ آپریشن جاری رکھنے کے بارے میں ایکسپلوریشن فرم اوشن انفینٹی کی تجویز قبول کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوشش ’’کوئی تلاش نہیں، کوئی فیس نہیں‘‘ کے اصول پر مبنی ہوگی۔ اس اصول کے تحت ملائیشیا کی حکومت طیارے کا ملبہ دریافت ہونے پر ہی اوشن انفینٹی کو ادائیگی کرے گی۔
لوک کا کہنا تھا کہ کمپنی کے شناخت کردہ مجوزہ تلاش کے نئے علاقے کو ماہرین اور محققین نے تازہ ترین معلومات اور اعداد و شمار کے تجزیوں کی بنیاد پر قابل بھروسہ قرار دیا ہے۔
ایم ایچ 370 پرواز 8 مارچ 2014 کو لاپتہ ہوئی تھی ۔ یہ بوئنگ 777 طیارہ ملائیشیا کے کوالالمپور بین الاقوامی ہوائی اڈے سے چین کے بیجنگ کیپیٹل بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جانب جارہا تھا کہ راستے میں اچانک ریڈار کی اسکرینوں سے غائب ہوگیا ۔ طیارے میں 239 افراد سوار تھے۔
