نیوزی لینڈ نے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کین ولیم سن اور آل راونڈر نیتھن سمتھ کو انگلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ راب والٹر نے کین ولیم سن اور نیتھن سمتھ کی واپسی کو ٹیم کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔والٹر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کین ولیم سن اور نیتھن سمتھ دونوں نے اپنی انجری اور بیماری سے نجات کے لیے سخت محنت کی ہے۔کین کی مہارت، تجربہ اور قیادت ٹیم کے لیے بے حد قیمتی ہے۔
نیتھن سمتھ نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہونے کے بعد طویل بحالی کا عمل مکمل کیا ہے۔27 سالہ آل راونڈر نیتھن سمتھ نے کہا کہ وہ اب مکمل فٹ ہیں اور سیزن کے لیے تیار ہیں۔ ستمبر سے میں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہا تھا اور اب فٹنس حاصل کر چکا ہوں۔
ٹیم کی قیادت تجربہ کار آل رانڈر مچل سینٹنر کے سپرد کی گئی ہے جو حالیہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔
واضح رہے کین ولیم سن گزشتہ ایک ماہ سے ایک معمولی طبی مسئلے کے باعث کرکٹ سے دور تھے اور اسی وجہ سے وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز اور زمبابوے کے دورے میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔ اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہو کر دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔
