چین کے شمالی صوبے شنشی کے شہر جن ژونگ کے قدیم قصبے پھنگ یاؤ میں لوگ 25 ویں پھنگ یاؤ بین الاقوامی فوٹوگرافی میلے میں تصاویر دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
تائی یوآن(شِنہوا)چین کے شمالی صوبہ شنشی کے قدیم شہر پھنگ یاؤ میں 25 ویں پھنگ یاؤ بین الاقوامی فوٹوگرافی میلے کا آغاز ہوگیا۔ یہ شہر یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہے جو اپنی قدیم اور محفوظ شدہ تعمیرات کے لئے مشہور ہے۔
"سرحدوں کو توڑنا، مستقبل کی دانشمندانہ جھلک” کے عنوان سے منعقد ہونے والے 5 روزہ میلے میں دنیا بھر کے 34 ممالک، خطوں اور چین کے 25 صوبوں، شہروں اور خودمختار علاقوں سے 5 ہزار سے زائد فوٹوگرافر شریک ہیں۔ میلے میں مجموعی طور پر 20 ہزار سے زائد تخلیقات نمائش کے لئے پیش کی گئی ہیں۔
میلے کی نمایاں خصوصیات میں پولورائیڈ فن پاروں کی نمائش بھی شامل ہے۔ بیلجیئم کی فوٹوگرافر کارمن ڈی ووس اور برطانیہ کی فوٹوگرافر کلیئر میری بیلی ذاتی طور پر میلے میں شریک ہیں جبکہ جرمن فوٹوگرافر سٹیفنی شنائیڈر کے کام بھی نمائش میں شامل ہیں۔
اس سال میلے میں ایک تربیتی پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے جس کے تحت شرکاء کو پھنگ یاؤ اور جرمنی کے شہر بوٹروپ میں تربیت اور عملی تجربے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی کیوریٹوریل مہارتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔
گزشتہ 25 برسوں کے دوران پھنگ یاؤ بین الاقوامی فوٹوگرافی میلے میں 100 سے زائد ممالک اور خطوں کے 3 لاکھ سے زائد فن پارے پیش کئے جا چکے ہیں اور یہ میلہ دنیا بھر سے لاکھوں سیاحوں کو اس تاریخی شہر کی جانب متوجہ کرچکا ہے۔
