بیجنگ: چین نے ہوا بازی کے شعبے کی ماحول دوست اور کم کاربن منتقلی کو فروغ دینے کے لیے اپنے کئی ہوائی اڈوں پر پائیدار ہوا بازی ایندھن (ایس اے ایف) پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔
ملک کے سول ایوی ایشن کے ادارے (سی اے اے سی ) کے مطابق، جمعرات سے بیجنگ کے ڈاشنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، چھنگ دو شوانگ لیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ژینگ ژوشِن ژینگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ننگبو لیشے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 12 پروازوں نے پائیدارایندھن ایس اے ایف کا استعمال شروع کردیا ہے۔
پائیدارایندھن کے اس پروگرام میں چائنہ سدرن ایئر لائنز، چائنہ ایسٹرن ایئر لائنز اور ایئر چائنہ شامل ہیں۔
ایس اے ایف روایتی جیٹ ایندھن کا متبادل مائع فیول ہے۔ قابل تجدید مواد سے تیار کردہ یہ ایندھن روایتی ایندھن کے مقابلے میں ایندھن کے لائف سائیکل میں کاربن اخراج کو 80 فیصد تک کم کر سکتا ہے۔
سی اے اے سی کے نائب سربراہ ہان جون نے پروگرام کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ شہری ہوا بازی کی صنعت سے تقریباً 99 فیصد کاربن پروازوں کے دوران ایندھن کے استعمال سے خارج ہوتا ہے۔
پائیدار ہوا بازی ایندھن کے استعمال کا پہلا مرحلہ ستمبر سے دسمبر 2024 ہے اس کے بعد دوسرا مرحلہ 2025 کے دوران ہوگا، جس کے دوران پروازوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔
