ناٹنگھم: ٹرینٹ راکٹس نے ہنڈرڈ کرکٹ کمپٹیشن کے 20 ویں میچ میں مانچسٹر اوریجنلز کی ٹیم کو 7وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں چوتھی فتح حاصل کرلی، ٹرینٹ راکٹس کے کپتان ڈیوڈ ویلے کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ہنڈرڈ کرکٹ کمپٹیشن کے 20 ویں میچ میچ میں ٹرینٹ راکٹس کے کپتان ڈیوڈ ویلے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔مانچسٹر اوریجنلز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 100گیندوں پر 8وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بناکر ٹرینٹ راکٹس کو میچ میں کامیابی کے لئے 99رنز کا ہدف دیا۔
لیوس گریگوری نے 33 رنز ناٹ آئوٹ بنائے،کپتان فل سالٹ اور وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر نے بالترتیب 19،19 رنز بنائے۔ٹرینٹ راکٹس کے کپتان ڈیوڈ ویلے نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے تین جبکہ ریحان احمد اور ثام کاک نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جواب میں ٹرینٹ راکٹس کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 74ویں گیند پر 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ریحان احمد ناقابل شکست 45 اور ٹام مورس ناقابل شکست 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
