بدھ, اگست 20, 2025
پاکستانمحکمہ موسمیات کی 22 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید...

محکمہ موسمیات کی 22 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 22 اگست تک سندھ، بلوچستان و ملک کے دیگر حصوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ، عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کے طاقتور سلسلے ملک میں داخل ہو رہے ہیں جن کا زیادہ اثر جنوبی حصوں پر ہوگا۔

سندھ کے اضلاع مٹھی، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ اور جامشورو میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں معمول سے تیز بارش کا امکان ہے جبکہ سکھر، لاڑکانہ، خیرپور اور جیکب آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے اضلاع بارکھان، موسی خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، خضدار، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر اور پنجگور میں بھی بارش، آندھی اور تیز ہواں کیساتھ گرج چمک کا سلسلہ 22اگست تک جاری رہ سکتا ہے جبکہ اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی بھی بارش کے زیر اثر رہیں گے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے نشیبی علاقے بشمول کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ اور جامشورو میں طوفانی بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ بلوچستان کے شمالی اور جنوب مشرقی حصوں میں ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو سکتی ہے۔

حکام نے عوام، مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!