اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس چین کے دورے پر روانہ ہو گئے جبکہ وہ اس سے قبل بحرالکاہل کے کچھ جزیرائی ممالک بھی جائیں گے۔
سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ 21 سے 23 اگست تک سموا کا دورہ کرینگے جہاں وہ وزیر اعظم فیئام نائومی متافا کیساتھ ملاقات کرینگے۔ اس کے بعد وہ نیو زی لینڈ کا 23 اور 24 اگست کو مختصر دروہ کرینگے جہاں وہ وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن سے ملیں گے ۔24 سے 27 اگست تک وہ ٹونگا کا دورہ کرینگے جہاں وہ بحرالکائل جزائر فورم میں شرکت کرینگے۔
ترجمان نے کہا کہ توقع ہے کہ گوتریس ٹونگا کے وزیر اعظم ہواکاوامیلیکو سیاوسی سویلانی اور بحرالکائل جزائر فورم میں شرکت کرنیوالے دیگر رہنماوں سے ملاقاتیں کرینگے۔ان کا دورہ خطے اور اس سے باہر سمندر کی سطح میں اضافے کے اثرات پربات چیت کرنےکا موقع بھی فراہم کرے گا۔
ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل دونوں ممالک میں نوجوانوں سمیت مقامی کمیونیٹیز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ وہ 28 سے 31 اگست تک مشرقی تیمور جائیں گے جہاں وہ مشہور ‘مشاورت’ کی 25 ویں سالگرہ منائیں گے جس کا اہتمام اقوام متحدہ نےکیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ گوتریس یکم سے 2 ستمبر تک سنگاپور جائیں گے جہاں وہ سنگاپور کے صدر تھرمین شنموگ رتنم اور وزیر اعظم لارنس وونگ سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل 2 سے 5 ستمبر تک چین میں رہیں گے۔ دیگر مصروفیات کے علاوہ وہ بیجنگ میں ہونیوالے چین افریقہ تعاون فورم 2024 کے سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے ، جہاں وہ یکجہتی پیدا کرنے اور مشترکہ ترقیاتی اہداف پر پیش رفت کے لیے عالمی جنو ب کے ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل بیجنگ میں سینئر سرکاری عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے۔
