غزہ: غزہ میں اسرائیلی محاصرے اور ایندھن و امدادی سامان کی مسلسل بندش کے باعث نوزائیدہ سمیت 2 بچے بھوک سے جاں بحق ہوگئے۔ الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ کے مطابق 35 روزہ شیر خوار بچہ غذائی قلت کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گیا، یہ بچہ ان دو افراد میں شامل تھا جو گزشتہ شب اسپتال میں بھوک سے دم توڑ گئے۔
الاقصی شہدا اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ 4 سالہ فلسطینی بچی رزان ابو زاہر بھی غذائی قلت اور بھوک کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئی۔ یہ اموات ایسے وقت پر ہوئیں جب غزہ کی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز بھوک سے نڈھال مریضوں سے بھر چکے ہیں، جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں 17 ہزار بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔
