اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینہانگ کانگ کی جامعات کی کیو ایس درجہ بندی میں نمایاں بہتری،...

ہانگ کانگ کی جامعات کی کیو ایس درجہ بندی میں نمایاں بہتری، 3 کی ریکارڈ بلندی

چین کے جنوبی ہانگ کانگ میں وکٹوریا ہاربر کے دونوں اطراف کا خوبصورت منظر-(شِنہوا)

ہانگ کانگ(شِنہوا)اعلیٰ تعلیم کی تحقیق کے حوالے سے بین الاقوامی تنظیم کوئیکوریلی سائمنڈز (کیو ایس) نے 2026 کے لئے یونیورسٹیز کی عالمی درجہ بندی جاری کردی جن میں ہانگ کانگ کی کئی جامعات کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ظاہر کی گئی ہے۔

2026 کی کیوایس درجہ بندی کے مطابق ہانگ کانگ کی 5 جامعات عالمی سطح پر سرفہرست 100 اداروں میں شامل رہیں۔ ان جامعات میں یونیورسٹی آف ہانگ کانگ، چائنیز یونیورسٹی آف ہانگ کانگ، ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ہانگ کانگ پولی ٹیکنک یونیورسٹی اور سٹی یونیورسٹی آف ہانگ کانگ شامل ہیں۔

یونیورسٹی آف ہانگ کانگ 6 درجے ترقی کرتے ہوئے 11ویں نمبر پر پہنچ گئی۔ چائنیز یونیورسٹی آف ہانگ کانگ 4 درجے بہتری کے ساتھ 32ویں نمبر پر آئی۔ ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی 3 درجے اوپر آ کر 44 ویں نمبر پر اور ہانگ کانگ پولی ٹیکنک یونیورسٹی 3 درجے ترقی کے ساتھ 54 ویں نمبر پر آگئی جبکہ سٹی یونیورسٹی آف ہانگ کانگ ایک درجہ نیچے آکر 63ویں نمبر پر چلی گئی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ یونیورسٹی آف ہانگ کانگ (ایچ کے یو) ،چائنیز یونیورسٹی آف ہانگ کانگ (سی یو ایچ کے) اور ہانگ کانگ پولی ٹیکنک یونیورسٹی (پولی یو) نے اس سال کی درجہ بندی میں اب تک کی بلند ترین سطح حاصل کی۔ یونیورسٹی آف ہانگ کانگ ایشیا کی دوسری بہترین یونیورسٹی کی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔

ایچ کے یو کے صدر ژانگ شیانگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہانگ کانگ یونیورسٹی کو تعلیم، اختراع اور تحقیق کے لئے عالمی باصلاحیت افراد کی اولین منزل بنانے کے لئے پرعزم ہیں اور قومی ترقی میں معاون نئی اختراعات جاری رکھیں گے۔

سی یو ایچ کے، کے صدر ڈینس لو نے کہا کہ اس طرح کی کارکردگی سی یو ایچ کے کی مضبوط تعلیمی قابلیت اور تحقیق کے نمایاں نتائج کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے چینی مین لینڈ اور بیرون ملک اداروں کے ساتھ تحقیقی تعاون کو بڑھانے کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

پولی یو کے صدر ٹینگ جِن گوانگ نے کہا کہ پولی یو دنیا بھر میں شراکت داروں کے ساتھ روابط اور تعاون کو مضبوط بنائے گی اور عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیم میں بڑھتا ہوا کردار ادا کرے گی  جبکہ ہانگ کانگ کو اعلیٰ تعلیم کے مرکز کے طور پر ترقی دینے میں بھی اپنا حصہ ڈالے گی۔

کیو ایس عالمی یونیورسٹی درجہ بندی 2026 میں دنیا بھر کی 1,500 سے زائد جامعات کا 9 اشاریوں کی بنیاد پر جائزہ لیا گیا ہے۔ درجہ بندی میں شامل ہانگ کانگ کی دیگر جامعات میں ہانگ کانگ بپٹسٹ یونیورسٹی، ایجوکیشن یونیورسٹی آف ہانگ کانگ، لنگنان یونیورسٹی اور ہانگ کانگ میٹروپولیٹن یونیورسٹی شامل ہیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!