بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی کمیشن ہیڈکوارٹرز کی عمارت برلے مونٹ کے باہر یورپی یونین کے پرچم لہرارہے ہیں-(شِنہوا)
برسلز(شِنہوا)یورپی کمیشن نے بلند امریکی محصولات اور جاری عالمی غیر یقینی صورتحال کے اثرات کے تناظر میں یورپی یونین(ای یو) کے لئے اقتصادی ترقی کی پیش گوئی میں نمایاں کمی کی ہے۔
2025 کے بہار اقتصادی جائزے میں کمیشن نے 27 ممالک پر مبنی بلاک کے لئے حقیقی جی ڈی پی کی ترقی کی شرح 2025 میں 1.1 فیصد اور 2026 میں 1.5 فیصد مقرر کی ہے جو کہ 2024 کے خزاں کے جائزے میں پیش گوئی کی گئی 1.5 فیصد اور 1.8 فیصد کے مقابلے میں خاصی کم ہے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ 2024 کے خزاں کے جائزے کے مقابلے میں نمایاں کمی ظاہر کرتی ہے جس کی بڑی وجہ ٹیرف میں اضافے کے اثرات اور امریکی تجارتی پالیسی میں حالیہ اچانک تبدیلیوں اور ٹیرف کی حتمی ترتیب کی غیر متوقع طور پر پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال ہے۔
ایک ہی کرنسی استعمال کرنے والے یورپی یونین کے 20 ممالک پر مشتمل یورو ایریا کی ترقی کی رفتار بھی کم ہو کر2025 میں 0.9 فیصد اور 2026 میں 1.4 فیصد رہنے کی توقع ہے جو پہلے کے تخمینہ جات سے کم ہے۔
کمیشن نے کہا کہ یورو ایریا میں مہنگائی کی شرح 2025 کے وسط تک یورپی مرکزی بینک کے 2 فیصد ہدف تک پہنچ جائے گی جو کہ پہلے سے جلد متوقع ہے۔ مہنگائی کی مجموعی شرح 2024 میں 2.4 فیصد سے کم ہو کر 2026 میں 1.7 فیصد تک آنے کا امکان ہے اور یورپی یونین کی مجموعی مہنگائی کا رجحان بھی اسی طرز پر ہے۔
کمیشن نے افراط زر میں تیزی سے کمی کی وجہ تجارتی کشیدگی کے اثرات کو قرار دیا جنہوں نے خوراک کی قیمتوں اور قلیل مدتی طلب کے دباؤ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یورپی یونین کی برآمدات میں 2025 کے دوران صرف 0.7 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ اشیاء کی برآمدات میں دوبارہ کمی متوقع ہے۔ اس کی وجوہات میں عالمی معاشی سست روی، عالمی تجارت میں نمایاں گراوٹ، یورپی بلاک کے اندر مسابقت میں کمی اور بڑھتی ہوئی تجارتی غیر یقینی صورتحال شامل ہیں۔
