روس، ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں۔(شِنہوا)
ماسکو(شِنہوا) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ایسٹر پر یوکرین کے ساتھ جاری تنازع پر یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے۔
یہ جنگ بندی ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے) سے ہوئی ہے جو اتوار کی نصف شب سوموار کے شروع ہونے (پاکستانی وقت کے مطابق پیر کی علی الصبح 2 بجے) تک جاری رہے گی۔
کریملن کے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر روسی چیف آف جنرل اسٹاف ویلری گیراسیموف کے ساتھ ملاقات میں پوتن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے اس مدت کے دوران مکمل جنگ بندی کا حکم دیا ہے۔
پوتن نے یہ بھی کہا کہ روس امید کرتا ہے کہ یوکرین بھی اس پر عمل کرتے ہوئے اس عرصے میں جارحیت سے باز رہے گا۔
روسی صدر نے مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج کو جنگ بندی کی ممکنہ خلاف ورزیوں، اشتعال انگیزیوں اور دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کو روکنے کے لئے مکمل طور پر چوکس رہنا چاہیے۔
