غزہ کی پٹی کے شمالی شہر بیت حنون سے فسلطینی نقل مکانی کررہے ہیں۔(شِنہوا)
غزہ (شِنہوا) غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 71 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ایک عہدیدار نے بتا یا کہ جمعرات کی صبح غزہ کی پٹی کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔
غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے شِنہواکو بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد 71 سے زائد ہوچکی ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی اب جاری تشدد کی وجہ سے محفوظ نہیں رہی، چونکہ تلاش کی کوششیں جاری ہیں اس لئے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے ۔ بھاری آلات کی کمی کی وجہ سے تلاش میں مشکلات ہیں ۔
فضائی حملوں میں کئی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں بنی سہیلا، اباسن الکبیرہ اور خان یونس کے مشرق میں الفخاری ، جنوب میں رفح اور شمال میں غزہ شہر اور بیت اللحیہ شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع اور مقامی عینی شاہدین نے بتایا کہ 19 گھر اور اس کے ساتھ بے گھر افراد کے خیمے، امدادی گودام اور مساجد بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
