بیجنگ (شِنہوا) چین میں 2026 کے بہار تہوار کے دوران باکس آفس کی آمدنی 3 ارب یوآن (تقریباً 43 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر) سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مقامی ریسنگ کامیڈی فلم ’’پیگاسس 3‘‘ مارکیٹ میں سرفہرست ہے۔
بہار تہوار کی 9 روزہ تعطیلات، جو اس سال 15 فروری سے شروع ہوئی ہیں، دنیا کی دوسری بڑی فلمی منڈی میں نہایت اہم سمجھی جاتی ہیں۔ 2024 اور 2025 میں چین کی سالانہ باکس آفس آمدنی کا تقریباً پانچواں حصہ اسی عرصے میں حاصل ہوا۔
’’پیگاسس 3‘‘ہدایتکار ہان ہان کی ریسنگ کامیڈی فرنچائز کی تیسری فلم ہے جس میں چین کے مقبول ترین مزاحیہ اداکاروں میں سے ایک شین تینگ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم اب تک 1.6 ارب یوآن سے زائد کا کاروبار کر چکی ہے جو اس سیزن کی مجموعی آمدنی کا تقریباً نصف بنتا ہے۔
اس سیریز کی پہلی دو فلمیں 2019 اور 2024 کے بہار تہوار سیزن کے دوران ریلیز ہوئیں اور مجموعی طور پر 5 ارب یوآن کی آمدن حاصل کی۔
ژانگ یی مو کی ہدایت کاری میں بننے والی جاسوسی تھرلر فلم ’’سکیئر آؤٹ‘‘ فہرست میں دوسرے نمبر پر رہی اور اب تک 50 کروڑ یوآن سے زائد کا کاروبار کر چکی ہے۔ یہ فلم خفیہ فوجی ہوا بازی کے ڈیٹا کے افشا ہونے کے گرد گھومتی ہے اور ایک جاسوسی مخالف ٹیم کی کہانی بیان کرتی ہے جو بدلتی وفاداریوں اور پوشیدہ غداریوں کا سامنا کرتی ہے۔
بہار تہوار کے دوران سنیما گھروں میں اضافے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہونان اور جیانگسو صوبوں سمیت چین کے مختلف علاقوں نے متعلقہ اخراجات بڑھانے کے لئے اقدامات کئے ہیں جن میں فلمی ٹکٹوں کو خریداری اور کھانے کے ووچرز کے ساتھ یکجا کرنا شامل ہے۔




