اسلام آباد سمیت 5 اضلاع میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کیخلاف آپریشن کے دوران گھروں کی تلاشی، دستاویزات اور رہائشی تفصیلات کی جانچ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک جہلم اور چکوال میں پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی اور انٹلیجنس اداروں کے 2 ہزار سے زائد اہلکاروں نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔
حکام کے مطابق جہلم کے علاقے دینہ میں رات گئے مشترکہ کومبنگ آپریشن کے دوران 25 گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ 62 افراد کی چیکنگ کی گئی، پروفائلنگ، غیر قانونی افغان شہریوں کیخلاف سخت ویری فکیشن کی گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ترنول میں 175 اہلکاروں نے مشترکہ آپریشن میں حصہ لیا جس میں درجنوں مقامات کی چھان بین کی گئی۔
راولپنڈی میں ڈھوک کشمیریاں اور اطراف میں 110اہلکار نے آپریشن کیا جس میں رہائشی تفصیلات کی جانچ کی گئی۔
اٹک کے 5 مقامات پر 747 اہلکاروں نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا جس میں غیر قانونی افغان شہریوں کی سکریننگ کی گئی۔
چکوال میں47 گھروں، دکانوں اور گاڑیوں کی تلاشی لی گئی جس میں 98 افراد کی دستاویزات چیک اور 14 مشتبہ افراد کی جانچ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق رمضان المبارک کے دوران عبادت گاہوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں سخت نگرانی جاری ہے، غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی نشاندہی، دستاویزاتی جانچ اور مرحلہ وار قانونی کارروائی جاری رہے گی۔




