امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے غزہ امن منصوبے کی مسلسل حمایت اور بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں بانی رکن کے طور پر شرکت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
امریکی حکام کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے واشنگٹن میں میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ملاقات کی۔
امریکی وزیر خارجہ نے 31 جنوری کو بلوچستان میں ہونیوالے حملوں اور 6 فروری کو اسلام آباد میں ہونے والے بم دھماکے پر تعزیت کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاری شراکت داری کی اہمیت کو دہرایا۔
مارکو روبیو نے واشنگٹن میں منعقدہ حالیہ کریٹیکل منرلز وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں اہم معدنیات و توانائی شعبے کی ترقی کیساتھ ساتھ امریکی کمپنیوں کیلئے تجارتی سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامئے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ روبیو نے غزہ کیلئے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی مسلسل حمایت اور بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں بانی رکن کے طور پر شرکت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔




