نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ملاقات کررہے ہیں۔(شِنہوا)
اقوام متحدہ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ ہر موسم میں تزویراتی تعاون کرنے والے شراکت داروں کی حیثیت سے چین اور پاکستان اپنی ترقیاتی حکمت عملیوں کو مضبوط بنائیں گے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
وانگ یی نے کہا کہ اس سال اقوام متحدہ کے قیام کی 80 ویں سالگرہ ہے اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی ادارے کے قیام کے اصل مقصد کا جائزہ لینا، کثیرجہتی پر عمل کرکے اسے فروغ دینا اور عالمی نظم ونسق میں اصلاحات اور بہتری لانا ضروری ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو درپیش امن، ترقی، سلامتی اور نظم ونسق میں موجودہ خسارے کے پیش نظر چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس کا موضوع "کثیرجہتی پر عمل کرنا، عالمی نظم ونسق میں اصلاحات اور بہتری لانا” ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان نے ہمیشہ ایک دوسرے پر اعتماد اور حمایت کی ہے۔ چینی صدر شی جن پھنگ اور پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے درمیان حالیہ کامیاب ملاقات نے پاک چین دوستی میں نئی روح پھونک دی ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ چین ہمسائیگی کی اپنی سفارتکاری میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دیتا ہے۔ چین بین الاقوامی مواقع پر انصاف برقرار رکھےگا اور پاکستان کے لئے آواز اٹھاتا رہےگا۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملی کو مضبوط بنائےگا، خاص طور پر زرعی جدیدیت اور صنعت کاری میں تعاون کو مضبوط کرےگا اور خود ترقی میں اپنی صلاحیت بڑھانے میں پاکستان کی مدد کرےگا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کرےگا۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ صدر زرداری کا حالیہ دورہ چین ایک بڑی کامیابی ہے اور سدابہار پاک چین تزویراتی شراکت داری مختلف شعبوں میں تعاون کی انتہائی موثر پیشرفت کے ساتھ ایک نئی بلندی پر پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جدیدیت کی ترقی میں ایک عظیم باب لکھنے پر چین کو سراہتا ہے اور چین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور ترقیاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان چینی اداروں اور اہلکاروں کے تحفظ کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کی مکمل ضمانت دےگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی ایجنڈے پر چین کی قیادت کو سراہتا ہے اور چین کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھےگا۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link